لاہور (خصوصی نامہ نگار) تنظیم تحفظ مساجد اہل سنت کے زیر اہتمام جوبلی ٹاؤن لاہور میں ’’لبیک یا اقصیٰ و تحفظ حقوقِ اہل سنت کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حقوقِ اہل سنت کے تحفظ کا مدار عقائد اہل سنت کے تحفظ پر موقوف ہے۔ بعض کالعدم تنظیمیں مساجد اہل سنت پر اسلحہ کے زور پر قبضہ کر کے ملک میں انتشار کو ہوا دے رہی ہیں۔ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا بریلوی کی برحق تعلیمات سے چھیڑ چھاڑ کرنیوالوں کو کھلی چھٹی نہیں دی جا سکتی۔ فکر رضا ہمارا ریڈ زون ہے۔ یہودی صیہونی للچائی ہوئی نظروں سے حرمین شریفین کی طرف دیکھ رہا ہے۔ غزہ کی تباہی بہت بڑا انسانی المیہ ہے جس میں بہت سے مسلم حکمران بھی امریکہ کے زیرِ اثر ہونے اور اسرائیل سے دوستی کی وجہ سے شریکِ جرم ہیں۔ فلسطینیوں پر ہونیوالے اسرائیلی مظالم کی روک تھام اور ان کے گریٹر اسرائیل کے خواب کو چکنا چور کرنے کیلئے سعودی عرب کو اپنی پالیسی بدلنا نہایت ضروری ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہاحقوقِ اہل سنت کے تحفظ کیلئے ہمیں جہاں بھی بلایا جائے گا، کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔