لاہور( این این آئی) پاکستان اور بنگلہ دیش کے بڑھتے ہوئے تعلقات کو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے بھی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس سلسلہ میں پاکستان عید الاضحی کے بعد ایک تجارتی وفد بنگلہ دیش بھیجنے کی تیاریوں میں مصروف ہے ۔بتایا گیا ہے کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے جلد انعقاد کے لئے کاوشیں جاری ہیںاور بنگلہ دیش بھی اس کے ایجنڈے اور تاریخوں کو حتمی طور پر طے کرنے میں مصروف ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں متعلقہ حکام سے ملاقات کر کے درآمدی صنعتوں اور مشترکہ مفادات کے شعبوں پر ڈیٹا تیار کریں اوریہ ڈیٹا ایف پی سی سی آئی کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے جو پاکستان کی برآمدی حکمت عملی پر تفصیلی پریزنٹیشن تیار کر رہا ہے جس میں خوراک، آئی ٹی، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں کو شامل کیا جائے گا۔ پاکستانی مشن نے مشترکہ بزنس کونسل کی بحالی سے متعلق تجاویز بھی اسلام آباد کو ارسال کر دی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ جے ای سی کے موقع پر پاکستان کی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور بنگلہ دیش کے ایکسپورٹ پروموشن بیورو کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ تجارتی خسارے، سائوتھ ایشین فری ٹریڈ ایریا اوراور آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق امور پر وزارت تجارت نے مجوزہ مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کی ساخت، ٹی او آرز اور تصوراتی خاکہ وزارت خارجہ کو بھیج دیا ہے تاکہ بنگلہ دیش کے ساتھ بات چیت کی جا سکے۔ وزارت تجارت نے ایف ٹی اے اور سافٹا کے حوالے سے نئی تجاویز اور سفارشات بھی تیار کر لی ہیں۔