لندن (عارف چودھری) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، حکومت پاکستان اور یونیورسٹی آف کیمبرج کے سنٹر فار ساؤتھ ایشین سٹڈیز کے مابین ایک اہم مفاہمتی یادداشت کی تقریب میں شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد تاریخی کیمریج یونیورسٹی میں ''علامہ اقبال وزٹنگ فیلوشپ'' کا قیام ہے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر کمال منیر، ڈائریکٹر سنٹر فار ساؤتھ ایشین سٹڈیز پروفیسر شائلاجہ فینل اور پاکستان ہائی کمیشن لندن کے افسران بھی موجود تھے۔ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا علامہ اقبال کی پاکستان کی تاریخ، ادب اور فلسفے میں خدمات بے مثال ہیں، علامہ اقبال کو پاکستان کا فکری بانی تصور کیا جاتا ہے۔ اقبال کی شاعری، فلسفہ اور فکر نے تحریک پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، ان کے وژن نے تحریک پاکستان کی نظریاتی بنیاد رکھی اور قائداعظم محمد علی جناح جیسے رہنماؤں کو متاثر کیا۔ یہ مفاہمتی یادداشت ہماری اس کوشش کا اہم سنگ میل ہے جس کا مقصد پاکستان کے بھرپور ثقافتی، ادبی اور علمی ورثے کو فروغ دینا ہے۔ یہ شراکت داری تعلیمی و ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک مؤثر کاوش ہے۔ اس اقدام سے یونیورسٹی آف کیمبرج اور پاکستان میں اعلیٰ تدریسی اداروں کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ ملے گا۔ علامہ اقبال وزٹنگ فیلوشپ کے تحت حکومت پاکستان ممتاز ماہرینِ تعلیم کو نامزد کرے گی جن میں سے ایک کو یونیورسٹی آف کیمبرج کے سنٹر فار ساؤتھ ایشین سٹڈیز وزٹنگ فیلو کے طور پر منتخب کرے گا۔ یہ فیلو کیمبرج میں طلباء و اساتذہ کے ساتھ پاکستان کی تاریخ، ثقافت، زبانوں، ادبی شخصیات، جغرافیہ، اور علاقائی و عالمی سیاق و سباق پر تبادلہ خیال کرے گا۔ کیمبرج یونیورسٹی میں اردو، مطالعہ پاکستان، پاکستانی ادب، تاریخ اور ثقافت کی تدریس بھی کرے گا۔