محمد عثمان
ماہرین تعلیم جب بھی ترقی یافتہ اور کامیاب معاشرے کی بات کرتے ہیں تو وہ دو ہی امور کو سب زیادہ بیان کرتے ہیں کہ جس قوم نے تعلیم اور صحت کو ترجیح دی وہی اقوام آج کامیابی سے ہمکنار ہیں اور وہی قوم ہمیشہ سے ترقی کی منازل طے کرتی ہے لیکن ماہرین اس بات پر بھی مکمل اتفاق کرتے ہیں کہ ’’صحت ہے جس کی یہ دنیا اسی کی‘‘ کیونکہ اگر صحت ہے تو سب کچھ ہے اور اگر بیماریاں ہیں تو صرف آنکھوں کی ویرانی ہی بچتی ہے۔ انہی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی آف سرگودھا نے ایک ایسا اقدام اٹھا کہ انسان، جانور اور ماحول مکمل اور یکساں صحت مند ہوں اور اس کے لئے ایک باقاعدہ سنٹر قائم کیا جائے جو علمی و تحقیقی بنیادوں پر کام کرسکے اور ایک اچھے اور کامیاب معاشرے کا ضامن بنے۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں ون ہیلتھ کا سنٹر قائم کیا ہے۔ عظیم علمی خواہش کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے رئیس جامعہ نے یہ خصوصی ٹاسک ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال اور پرنسپل کالج آف ایگری کلچر پروفیسر ڈاکٹر ظفر حیات کو دیا جنہوں نے ناممکن کو ممکن کردکھایا۔ جنہوں نے نہ صرف سرگودھا یونیورسٹی میں انٹرڈسپلنری ریسرچ سنٹر فار ون ہیلتھ (IRCOH-2025) کے نام سے ایک سنٹر قائم کیا بلکہ ایک غیر معمولی اہمیت کی حامل 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ’’صحت پر بین الضابطہ تحقیقی انٹرنیشنل کانفرنس (آئی آر سی او ایچ 2025)‘‘ منعقد کروائی۔ صحت پر بین الضابطہ تحقیقی انٹرنیشنل کانفرنس (آئی آر سی او ایچ 2025)میں دنیا بھر سے سے نامور محقق، سکالر اور سائنسدانوں نے بھی شرکت کی جن میں ڈاکٹر ہیتھر کیمرون سکول آف ویٹرنری میڈیسن یونیورسٹی آف سنٹرل لنکا شائر انگلینڈ، پروفیسر ڈاکٹر نکلولا لووڈائریکٹر آف دی سنٹر فار گلوبل ڈویلپمنٹ یونیورسٹی آف سنٹرل لنکا شائر انگلینڈ، ڈاکٹر ماریہ القطبیہ عبدالرزاق ڈپٹی ڈین آف انڈسٹری اینڈ کمیونٹی ریلیشنز فیکلٹی آف بائیو ٹیکنالوجی اینڈ بائیومالیکیولر سائنسز یونیورسٹی پترہ ملائیشیاء ،پروفیسر ڈاکٹر کورویر پروفیسرآف پولٹری نیوٹریشن فیکلٹی آف ایگری کلچر لائف اینڈ انوائرمنٹل سائنس فوڈ اینڈ نیوٹریشن سائنس ڈیپارٹنمنٹ یونیورسٹی آف البرٹا کینیڈا، پروفیسر ڈاکٹر احتشام الرحمن ہیڈ آف ٹرانس لیشنل ریسرچ سکول آف میڈیسن اینڈ ڈینسٹٹری یونیورسٹی آف سنٹرل لنکا شائر انگلینڈ، ڈاکٹر جار ج پنٹو فیراریا سکول آف ایگری کلچر آرگنائزیشن آف دی یونائیٹڈ نیشن، پروفیسر ڈاکٹر موڈی سلمان کلینکل سائنسز کلورایڈو سٹیٹ یونیورسٹی امریکہ شامل تھے۔ کانفرنس میں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے بطور مہمان خصوصی رونق بخشی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظیم ماہرین تعلیم پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ صحت صرف انسانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پوری دنیا میں رہنے والے جانوروں اور ہمارے ماحول کا بھی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج یہ بات کہتے ہوئے فخر محسوس کررہا ہوں کہ چند برس پہلے ہماری ایک سال میں ریسرچ پبلیکشنز کی تعداد دو سے تین ہزار ہوتی تھی اور اب 2025ء میں یہ تعداد بڑھ کر 40 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جس کا تمام کریڈٹ ہمارے محنتی و قابل اساتذہ کو جاتا ہے۔ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے مزید کہا کہ ون ہیلتھ ایک بہت بڑا انقلابی اقدام ہے اور اس کا تمام سہرا وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے جن کی شب و روز محنت سے آج پاکستان میں پہلا سنٹر قائم کردیا گیا ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ ون ہیلتھ پراجیکٹ کے حوالے سے سنٹر قائم کرنے سے ایک نئے علمی دور کا آغاز ہوگا کیونکہ صحت صرف چند افراد یا ایک قوم کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند اقوام ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں اور ہمیں آنے والی نسل کو بیماریوں سے بچانا ہوگا اور اپنے ماحول کو بہتر بنانا ہوگا۔