لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ آج آکلینڈمیں کھیلا جائیگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ سوا گیارہ بجے شروع ہو گا۔ میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو سیریز میں0-2کی برتری حاصل ہے۔ ٹیم میں فاسٹ بائولر محمد علی کی جگہ آل رائونڈر عباس آفریدی ‘ اوپنر حسن نوا ز کی جگہ عثمان خان کی شمولیت کا امکان ہے ۔ پاکستان ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ کسی بائولر کو 4 چھکے پڑ جانا کوئی بڑی بات نہیں ۔ شاہین شاہ آفریدی کو اگر انٹرنیشنل کرکٹ میں خود کو منوانا ہے تو اس کو اور بہتر کرنا پڑیگا۔ پاکستانی بیٹرز اگر اوپر سے اچھا سکور کریں گے تو جیت سکتے ہیں، پاکستان ٹیم کم بیک کریگی اور سیریز جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، نیوزی لینڈ کی کنڈیشن میں کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ تیسرے ٹی ٹونٹی میں ایک سے دو تبدیلیاں کی جائیں گی، ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں۔، صائم ایوب اور فخر زمان جب اس ٹیم کو جوائن کریں گے تو اچھی ٹیم بن جائے گی۔