فیروزوالہ( نامہ نگار )تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ واہگرے میں سفاک قاتلوں نے محنت کش کے 12 سالہ بیٹے کوبے دردی سے قتل کر دیا۔ نعش ویران جگہ پر پھینک کر فرار ہو گئے۔ اہل خانہ بچے کی نعش دیکھ کر حواس کھو بیٹھے ‘پورے علاقہ میں صف ماتم بچھ گئی ۔ محنت کش محمد اسحاق کا بیٹا 12 سالہ علی حسن گاؤں میں دو باراتوں میں پھینکے جانے والے تین چار ہزار روپے اکٹھے کر کے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افرادنے چھری کے وار کر کے گردن،بازوکاٹ ڈالا‘ ملزمان رقم لیکر نعش ویران جگہ پھینک کر فرار ہو گئے۔ خدشہ ہے کہ معصوم مقتول سے زیادتی کی کوشش بھی کی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال بھجوا دی۔ علاقہ میں خوف ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے مختلف پہلووں کی روشنی میں تحقیقات شروع کر دی۔ اہل علاقہ نے وزیر اعلی مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کیس کو ٹیسٹ کیس بنا کر ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔