ڈی سی لاہور کی سخت ہدایات، میٹروپولٹن افسر کام سے گریزاں، چھٹیوں اور تبادلے پر غور 

لاہور (محمد علی جٹ سے) ڈپٹی کمشنر /ایڈمنسٹریٹر لاہور سید موسیٰ رضا کی سخت ہدایات کے باوجود میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسرکام سے گریز کرنے لگے۔ ریگولیشن برانچ کے متعدد زونل افسران نے لاہور سے تبادلے کی استدعا کردی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی سی لاہور سید موسی رضا کی جانب سے بیشتر میٹنگز میں ریگولیشن زونل افسران کو اپنے ایریاز میں تجاوزات سمیت بینرز اور سٹیمرز ہٹانے کے حوالے سختی سے تنبیہہ کی تھی جس کے بعد لاہور کے مختلف مقامات پر آپریشن کیے گئے جس میں کوتاہی برتنے پر ڈی سی لاہو کی جانب سے متعدد افسران کی سرزنش بھی کی گئی اور داتا گنج بخش زون کے زیڈ او آر تنویر بلوچ کو معطل کردیا گیا۔ جس کے بعد چند دنوں میں لاہور کے متعدد افسران نے لاہور میں کام کرنے سے انکار جبکہ کچھ نے چھٹی لے لی۔ ذرائع کے مطابق راوی زون کے زونل آفیسر عزیز انور نے تحریری طورپر لاہور میں کام کرنے سے معذرت کرلی۔ اسی طرح اے زیڈ او آر عتیق عاشق نے سال کی چھٹی مانگ لی ہے جبکہ واہگہ زون کے زیڈ او آر نور صباء کی طرف سے بھی لاہور میں کام نہ کرنے کا لیٹر جلد دیئے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے ریگولیشن برانچ کے متعدد افسران وملازمین کی جانب سے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شکوہ کیا گیا ہے کہ ایم سی ایل ریگولیشن برانچ کو کئی افسران بیک وقت مختلف احکامات جاری کرتے ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی ٹاسک مکمل نہیں ہو پاتا۔ اگر انہیں کسی ایک آفیسر کے احکامات کی روشنی میں کام کرنے دیا جائے تووہ بہتر مطلوبہ نتائج دے سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن