لاہور(کلچرل رپورٹر)پنجاب لائبریریز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا 69واں اہم اجلاس آج قائداعظم لائبریری لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین جاوید اسلم نے کی۔اجلاس میں بچوں میں کتب بینی کے فروغ کیلئے "داستان گوئی پراجیکٹ" کے آغاز کی منظوری دی گئی۔پراجیکٹ کے تحت صوبے کی لائبریریوں میں بچوں کیلئے دلچسپ، سبق آموز اور تخلیقی داستان گوئی کے سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ سیکرٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز محمد خان رانجھا نے شرکاء کو "ای-لائبریری" منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اورکمیونٹی لائبریریز کو فعال بنانے کیلئے تجاویز پیش کیں۔ ڈائریکٹر پنجاب لائبریریز فاؤنڈیشن عبد الرحمن آصف نے بورڈ کو ادارے کے انڈوئمنٹ فنڈ کی موجودہ حیثیت، استعمال کی شفاف حکمت عملی، اور مالیاتی ضوابط سے آگاہ کیا۔معروف شاعر عباس تابش نے داستان گوئی پراجیکٹ میں تعاون کی یقین دہانی اوردیگر مشترکہ منصوبوں کی تجاویز بھی پیش کیں۔اجلاس میں اطہر علی خان سابق ڈی جی پی آر،کنول آمین وائس چانسلر فیصل آباد ویمن یونیورسٹی،شاہد حسین سابق ایم ڈی پیپرا، ڈاکٹر نوشین فاطمہ،رخشندہ کوکب ڈائریکٹر لائبریری یو سی پی اوربیلا جمیل ادارہ تعلیم و آگاہی شامل تھیں۔