اسلام آباد (کامرس ڈیسک) بیسٹ وے گروپ کے بانی و چیئرمین ایمیریٹس سر انور پرویز او بی ای (ہلالِ پاکستان) کی زندگی، اقدار اور شاندار کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ یہ تقریب لارڈ ضمیر چوہدری سی بی ای (ستارہ امتیاز) کی میزبانی میں گزشتہ روز اسلام آبادکے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ اور برطانوی وزیر لارڈ واجد خان آف برنلے نے شرکت کی۔ دونوں نمائندگان نے برطانیہ میں سر انور کی بے مثال کاروباری کامیابیوں اور پاکستان و برطانیہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں بیسٹ وے گروپ کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔سابق سفیر پاکستان برائے اقوام متحدہ، امریکہ اور برطانیہ، ڈاکٹر ملیحہ لودھی، اور ممتاز ماہرِ معیشت و سابق گورنر اسٹیٹ بینک، ڈاکٹر عشرت حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دونوں شخصیات نے سر انور کی خدمات پر اپنے ذاتی تاثرات کا اظہار کیا اور ان کے پاکستان اور برطانیہ دونوں ممالک میں کاروباری و فلاحی شعبوں میں کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔اس یادگار تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک، جمیل احمد سمیت سرکردہ سرکاری و نجی شخصیات، کاروباری رہنما، اور سول سوسائٹی کے ممتاز افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد اس عظیم شخصیت کی خدمات کو نسلِ نو تک پہنچانا اور ان کے قابلِ تقلید سفر کو اجاگر کرنا تھا۔