لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے چیئرمین ایف بی آرکو ادارے کے مختلف معاملات پر اپنے شدید تحفظات سے آگاہ کرنے کیلئے خط ارسال کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت ایف بی آر میں اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ ٹیکس ریونیو کو محفوظ ، ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہو اور ان کے مسائل کم ہوں لیکن زمینی حقائق ان دعوئوں کے برعکس ہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر انورکاشف ممتاز،سینئر نائب صدور زاہد عتیق چودھری،فاروق مجید ،نائب صدور عاشق علی رانا،طاہر بشیر مغل، ملک صولت ستار،جنرل سیکرٹری ریحان صدیقی، جوائنٹ سیکرٹری سید عرفان حیدراور سیکرٹری اطلاعات عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیاہے کہ مختلف سطحوں اور علاقوں پر ٹیکس فراڈ اور حکومتی دبائوکے نام پر ریڈ ٹیپ ازم ہو رہا ہے۔فنانس ایکٹ 2024 کے ذریعے کچھ اقدامات ضرور کیے گئے ہیں تاکہ ٹیکس دہندگان کی مشکلات کم ہوں لیکن عملی طور پر اس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیوں میں جمود آ گیا ہے اور حکومت کے کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے دعوے غیر موثر ہو چکے ہیں۔