پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں، چین:  جنگ بندی ٹرمپ کے وژن  بصیرت پر عمل درآمد کا نتیجہ،امریکہ 

اسلام آباد ‘نیویارک ‘بیجنگ (آئی این پی) چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے پا کستانی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بھارتی ہم منصب جے شنکر کو علیحدہ علیحدہ ٹیلی فون کیا۔ وزیرخارجہ وانگ ای نے پاکستان اوربھارت پرسیزفائرمعاہدہ برقرار رکھنے پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ بطورہمسایہ چین کو پاک بھارت کشیدگی پر تشویش تھی،پاکستان میں ہونے والے جانی نقصان پر شدید افسوس ہوا۔ چینی وزیرخارجہ نے کہاکہ کشیدگی پرقابو رکھنے کیلئے سیزفائرکی پابندی ضروری ہے،پاکستان نے انسداد دہشت گردی کیلئے انتہائی اہم کردارادا کیا ہے اور چین پاکستان کے ساتھ کھڑ ا ہے ۔چین دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے  بھارتی ہم منصب سے ملاقات میں بھارتی حکام پر بات چیت کا راستہ اپنانے پر زور دیاہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت جنگ بندی معاہدے میں مارکو روبیو اور جیڈی وینس نے واضح فرق ڈالا‘ یہ امریکی حکومت کی جانب سے صدر ٹرمپ کے ویژن اور بصیرت پر عمل درآمد کا نتیجہ ہے۔میڈیابریفنگ میں ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سمیت کئی اعلی حکام سے کئی مرتبہ ٹیلی فونک رابطے ہوئے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ہم مزید رابطوں کو ممکن بنانے کے لیے پرامید ہیں،امید ہے مزید بات چیت موثر طریقے سے آگے بڑھا سکیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن