مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، مزید 2 کشمیریوں کی اراضی ضبط

سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیرمیں لیفٹیننٹ گورنر کی زیرقیادت قابض حکام نے ضلع بارہمولہ میں دو کشمیریوں کی اراضی ضبط کر لی ہے ۔ بھارتی پولیس نے ضلع کے علاقے سوپور میں بلال احمد میر اور محمد عمر میر کے7مرلہ اراضی کو غیر قانونی سرگرمیوں  کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت ضبط کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیرمین اور متحدہ مجلس علماء (ایم ایم یو) کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے متنازعہ وقف ترمیمی قانون کے بارے میں مجلس کے ایک اہم اجلاس پر پابندی کے قابض انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے جمعہ کو مقبوضہ علاقے کی مساجد میں ایک قرارداد عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔دوسری جانب  اودھمپور اور کشتواڑ اضلاع میں قابض بھارتی فوج کا آپریشن جاری ہے اس دوران محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کی جارہی ہیں ، ضلع سانبا میں ایک حملے میں ایک افسر سمیت بھارتی پولیس متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔ادھر ہائی کورٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان کی ایک جھوٹے مقدمے میں درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔ جسٹس نوین چاولہ اور شلندر کور پر مشتمل ہائیکورٹ کی دو رکنی بنچ نے ٹرائل کورٹ کے حکم کے خلاف خان کی اپیل کو مسترد کر دیا۔ 

ای پیپر دی نیشن