لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے میں 0-3 سے کلین سویپ شکست کے باوجود کپتان محمد رضوان، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات میں مزید اختیارات مانگیں گے۔ذرائع کے مطابق کہ قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور بیٹر بابراعظم آئندہ چند دنوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کریں گے، جس میں وہ کیویز کیخلاف ٹی20 سیریز سے اپنے ڈراپ کرنے کا بھی معاملہ اٹھائیں گے۔ بدترین شکستوں کے باوجود محمد رضوان پریشر بڑھانے کیلئے بورڈ سے مزید اختیارات حاصل کرنا چاہتے ہیں اور انکار کی صورت میں استعفیٰ دے سکتے ہیں۔بورڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا کہ رضوان سلیکٹرز کے انہیں اور بابراعظم کو نیوزی لینڈ میں 5 میچوں کی ٹی20 سیریز سے ڈراپ کرنے کے فیصلے سے مایوس تھے۔ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ڈراپ کرنے کے فیصلے کے بعد پی سی بی کے سربراہ سے ملاقات کی تاکہ نئے کپتان سلمان آغا کی قیادت میں کچھ نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا جا سکے۔اس خبر کی تصدیق پاکستانی کپتان رضوان کے قریبی ذرائع نے بھی کی۔