پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پختونخوا حکومت نے خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لیے 37 کروڑ روپے مالیت سے فنانشل اسسٹنس پروگرام کا اجرا کر دیا۔ فنانشل اسسٹنس پروگرام کے تحت صوبے کے 37 ہزار خصوصی افراد کو فی کس 10 ہزار روپے دئیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے گزشتہ روز پروگرام کا با ضابطہ اجرا کیا۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ نے چیک تقسیم کیے۔ صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ کے علاوہ ارکان صوبائی اسمبلی، محکمہ سماجی بہبود کے اعلیٰ حکام اور خصوصی افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سرکاری کاغذات میں ’ معذور ‘ کا لفظ لکھنے کی ممانعت ہوگی۔ ان افراد کے لیے تمام سرکاری کاغذات میں خصوصی افراد کا لفظ لکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ فلاحی اقدامات اور کمزور طبقوں کی معاونت کے لیے مالی وسائل کی کوئی کمی نہیں ہوگی، خصوصی افراد کا الیکٹرک وہیل چیئرز کی فراہمی کا پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں خصوصی سرکاری ملازمین اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے خصوصی طلبہ کو الیکٹرک ویل چیئرز دیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں سکولوں میں زیر تعلیم خصوصی طلبہ کو ویل چیئرز دی جائیں گی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا موجودہ صوبائی حکومت نے جہیز فنڈ سے دی جانے والی رقم کو 25 ہزار روپے سے بڑھا کر2 لاکھ کر دیا ہے جبکہ زکوٰۃ کی مد میں دی جانے والی رقم کو بڑھا کر دگنا کر دیا گیا۔