سابق قونصل جنرل برائے بارسلونا مرزا سلمان بیگ ہراسانی کیس سے بری 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار نے آمنہ عمر بنام مرزا سلمان بیگ سابق قونصل جنرل برائے پاکستان قونصلیٹ بارسلونا، سپین کے کیس میں حتمی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ بیان کے مطابق شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ آمنہ عمر کو جنوری سے جولائی 2022ء کے دوران قونصلیٹ میں اپنی تعیناتی کے دوران متعدد بار جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ملزم نے الزامات کی تردید کی اور مؤقف اختیار کیا کہ آمنہ عمر کی برطرفی ہی اس شکایت کا محرک ہے۔ تفصیلی قانونی کارروائی کے بعد جن میں تحریری بیانات، جرح، گواہوں کے بیانات اور تمام دستیاب دستاویزات کا جائزہ شامل تھا، وفاقی محتسب نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ہراسانی کے تحفظ ایکٹ 2010ء کے تحت شکایت کو ٹھوس ثبوت کے ساتھ ثابت نہیں کیا جا سکا۔ اس فیصلے کے ذریعے فوسپا نے ثابت کیا کہ ہر شکایت کا میرٹ پر سختی سے جائزہ لیا جاتا ہے، اس معاملے میں کوئی تصدیقی ثبوت نہیں تھا، کوئی فرانزک معاونت نہیں تھی اور الزامات کو ثابت کرنے کے لئے گواہوں کی طرف سے کوئی واضح یا مستقل گواہی نہیں تھی۔ فوسپا کام کی جگہ پر ہراسانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فوسپا شفاف قانونی عمل اور منصفانہ سماعت کے اصولوں پر مضبوطی سے قائم ہے۔

ای پیپر دی نیشن