واشنگٹن، تل ابیب (این این آئی + آئی این پی + نیٹ نیوز) غزہ میں ہونے والی جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کا کیپٹن اور ایک میجر ہلاک ہو گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ میں گزشتہ روز فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں 24 سالہ کیپٹن شخنازی اور 28 سالہ میجر ریواہ مارے گئے ہیں۔ اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ لڑائی کے دوران 4 سپاہی زخمی بھی ہوئے۔ آئی ڈی ایف کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی افسروں اور 2 سپاہیوں کا تعلق نہال بریگیڈ 932 بٹالین سے تھا جبکہ غزہ کی پٹی میں سخت موسمی حالات اور شدید سردی کے نتیجے میں ایک اور شیر خوار جاں بحق ہوگیا۔ سردی سے ٹھٹھر کر فوت ہوجانے والے شیر خوار کی عمر صرف 35 دن تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی معان ایجنسی نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ شدید سردی کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تعداد میں اضافے کے تناظر میں پیش آیا ۔ ٹھٹھر کر مرنے والے بچوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی نہ ہونے پر ایک بار پھر خطرناک نتائج کی دھمکی دے دی۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق۔امریکی ریڈیو ٹاک شو میں اپنے پہلے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ میرے اقتدار سنبھالنے تک یرغمالی رہا نہ ہوئے تو نتائج بھگتنا ہونگے، میں تفصیلات میں جانے پر یقین نہیں رکھتا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ میرا ردعمل دشمن کو صرف "نہیں کرو" کہنے پر مشتمل نہیں ہوگا جیسا کہ صدر بائیڈن غزہ جنگ کے آغاز سے کر رہے ہیں، میں اسرائیل اور امن دونوں کے ساتھ ہوں ۔