وقار مہدی 111ووٹ لے کر سندھ سے سینیٹر منتخب‘ بلاول کی مبارکباد

کراچی‘ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سید وقار مہدی 111ووٹ لے کر سندھ سے سینیٹر منتخب ہو گئے۔ سندھ اسمبلی میں سینٹ کی نشست کے لئے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوگیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سید وقار مہدی 111ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی نگہت مرزا نے 36ووٹ حاصل کیے۔ ریٹرننگ افسر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے نتائج کا اعلان کیا اور بتایا کہ 2ووٹ غلط مارکنگ کے باعث مسترد ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے وقار مہدی اور ایم کیو ایم کی نگہت مرزا کے درمیاں مقابلہ تھا، پیپلز پارٹی کے پاس 116ارکان کی برتری تھی جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے 36ووٹ تھے۔ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا ہے، نشست پیپلز پارٹی کے تاج حیدر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے  پارٹی امیدوار وقار مہدی کو سینٹ کے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد  دی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ یقین ہے کہ وقار مہدی ایوانِ بالا میں اپنے صوبے کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن