لاہور (لیڈی رپورٹر ) یو ای ٹی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم سیاہ کے موقع پریو ای ٹی لاہور سمیت دیگر کیمپسز جن میں کالا شاہ کاکو ، فیصل آباد ، نارووال اور رچنا کیمپس شامل ہیں، میں اساتذہ اور ملازمین نے اساتذہ کی تنخواہوں سے 25 فیصد ٹیکس کٹوتی کیخلاف احتجاج کیا۔ ٹیکس ریبیٹ بحال کرنے کے مطالبے کیلئے یو ای ٹی اساتذہ اور ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔احتجاج کی قیادت صدرٹی ایس اے ڈاکٹرمحمد شعیب اورجنرل سیکرٹری ڈاکٹر تنویر قاسم نے کی۔اساتذہ اور ملازمین نے سیاہ پٹیاں باندھ کر پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اساتذہ رہنماؤں صدر ٹی ایس اے ڈاکٹر محمد شعیب اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر تنویر قاسم شرکاء سے کہا حکومت ٹیکس ریبیٹ کا رخ بزنس کمیونٹی کی طرف موڑے۔ اساتذہ کوئی بزنس نہیں کرتے انکا گزارہ صرف تنخواہوں پر ہوتا ہے۔ یونیورسٹیز کے اساتذہ کا اپنے مطالبات کیلئے سڑکوں پر آنا لمحہ فکریہ ہے۔یہ پر امن اور علامتی احتجاج ہے،اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو کلاسزکا بائیکاٹ کریں گے ۔ خبردار اگر یو ای ٹی کے مطالبات نہ مانے گئے تو اگلے مرحلے میں اورنج ٹرین اور جی ٹی روڈ بلاک کر دیا جائیگا۔