حملوں میں مزید 24شہید : اسرائیل کا غزہ پر قبضے ، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا منصوبہ سامنے آگیا

تل ابیب+ غزہ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ این این آئی) غزہ میں اسرائیل کے تازہ فضائی حملے میں مزید 24 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساںاداے کے مطابق غزہ میں عمارت کے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے آئے ریسکیو ورکرز پر اسرائیلی کواڈ کاپٹر سے فائرنگ کردی گئی جس میں 24فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی محاصرے اور امداد کی بندش کے باعث غذائی بحران خطرناک حد تک شدید ہو چکا ہے۔ بین الاقوامی اداروں کے مطابق تقریباً 3 لاکھ بچے فاقہ کشی کا شکار ہو کر موت کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ اسرائیلی چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر نے کہا ہے کہ ہم دیگر علاقوں میں بھی کارروائی کریں گے اور حماس کے تمام زمینی اور زیر زمین ڈھانچے کو تباہ کر دیں گے۔ دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا فوجی آپریشن کی آڑ میں غزہ پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو جبری طور پر غزہ سے بے دخل کرنے کا منصوبہ سامنے آ گیا۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری اپنی ویڈیو میں کہا ہے کہ غزہ میں شروع ہونے والا نیا فوجی آپریشن پہلے سے زیادہ شدید ہوگا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ فوجی آپریشن کے دوران غزہ کی آبادی کو ان کے تحفظ کے لیے وہاں سے ہٹایا جائے گا۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اس بار ایسا نہیں ہوگا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں جائے گی اور کارروائی کرکے واپس آجائے گی بلکہ اس بار اس کے برعکس ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن