غزہ ،دمشق(آئی این پی+این این آئی) اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر جاری حملوںکے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 40 فلسطینی شہید ہوگئے،دوسری جانب اسرائیل نے شام میں صدارتی محل کے قریب ڈرون حملہ کیا جس میں دمشق کے نواح میں شامی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے بے گھر فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں 24 گھنٹوں میں مزید 40 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کھانے پینے کے سامان اور امداد کی بندش تیسرے ماہ میں داخل ہوگئی ہے جس سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔دوسری جانب اسرائیل کی فضائیہ نے شام کے صدارتی محل کے قریب ایک علاقے کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا کہ یروشلم کی پہاڑیوں میں جنگلات میں آگ لگانے کے شبے میں 18 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اسرائیلی خبر رساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہم نے فی الحال 18 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ان پر آگ لگانے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ ان میں میں سے ایک کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے زور دیا ہے کہ ان کا ملک آگ پر قابو پانے اور نقصانات کی ازارے کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق مغربی یروشلم میں جنگلات کی آگ نے 19 ہزار دونم یا لگ بھگ 4700 ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ دوسری جانب غزہ کیلئے امدادی سامان اور رضا کاروں کو لیجانے والے بحری جہاز پر بین الاقوامی بحری راستے میں بمباری کر دی گئی۔غیر ملکی خبر رساںادارے کے مطابق بین الاقوامی فلاحی تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیژن کا کہنا ہے مالٹا میں بین الاقوامی پانی میں غزہ کے لیے امدادی سامان اور رضا کاروں کو لے جانے والے بحری جہاز پر ڈرون کے ذریعے بمباری کی گئی۔