لاہور+ شیخوپورہ+ فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں مزدوروں کا عالمی دن جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر متعدد سیمینار منعقد کئے گئے جن میں اس دن کی افادیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ سیاسی جماعتوں اور مزدور تنظیموں نے ریلیاں بھی نکالیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مزدوروں، محنت کشوں کے ووٹ سے برسر اقتدار آنے والی پارٹیاں اسمبلیوں میں آکر انہیں بھول جاتی ہیں اور اپنے ذاتی مفادات سمیت سرمایہ داروں اور مراعات یافتہ طبقے کے حقوق کا ضامن بن جاتی ہیں۔ حکومتوں کی پالیسیوں سے مزدوروں کی زندگی میں خوشحالی آنی چاہئے۔ مزدوروں، ان کے خاندانوں اور بچوں، بچیوں کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ریاست اقدامات کرے۔ لاہور، کراچی، پشاور، گجرات، کوئٹہ، لالہ موسی سمیت دیگر شہروں میں ہونے والے مزدور مارچ، ریلیوں میںہزاروں افراد نے شرکت کی۔ لاہور میں سب سے بڑا پروگرام مال روڈ پر ہوا۔ پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام مال روڈ پر مزدور مارچ میں واپڈ یونین، لیبر یونین، ریلوے یونین، ٹرانسپورٹرز یونین نے شرکت کی۔ مزدور مارچ استنبول چوک تا مسجد شہداء نکالا گیا۔ مارچ کی قیادت ملی لیبر فیڈریشن کے صدر میاں غلام مصطفی، جنرل سیکرٹری رانا جبران نے کی۔ شرکاء مطالبات کے حق میں نعرے لگائے رہے۔ مزدور مارچ سے صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو، نائب صدر حافظ طلحہ سعید، ترجمان تابش قیوم، صدر پنجاب چوہدری محمد سرور سمیت دیگر مزدور رہنماؤں نے خطاب کیا۔ خالد مسعود سندھو نے مزدور مارچ سے خطاب میں کہا کہ مودی کسی شخص کا نام نہیں بلکہ آر ایس ایس کی گندی سوچ ہے۔ آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کے زیر اہتمام جلوس نکالا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے قرارداد پیش کی کہ سرکاری، نیم سرکاری، میڈیا اور کارخانوں و فیکٹریوں کے کارکنوں کی اجرتوں میں کمر توڑ مہنگائی کے مطابق 30 فیصد اضافہ کرائیں۔ کم ازکم اجرت پچاس ہزار روپے اور بڑھاپا الاؤنس تیس ہزار روپے کیا جائے۔ بچوں کی مشقت اور کارکنوں کی جبری محنت کو ختم کرایا جائے۔ کنٹریکٹ، ڈیلی لیبر ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ قومی اداروں بجلی، پانی، گیس، پی آئی اے، سرکاری ہسپتالوں، سکولوں، ریلوے ودیگر اداروں کی نج کاری کی بجائے اہل انتظامیہ کی سربراہی میں ان کی کارکردگی میں اضافہ کیا جائے۔ فیاض چوہدری، اسامہ طارق، حسن منیر بھٹی، شفقت جاوید، تسنیم اختر، مسرت شفیع، زاہدہ اختر، نوشیر خان، صلاح الدین ایوبی، ارشد گجر، جاوید اقبال خان، حاجی یونس کمبوہ، مظفر متین، مہر جمیل، ساجد کاظمی، ملک زاہد محمود، حاجی لیاقت، رضوان منیر نے کی بھی خطاب کیا۔ تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ مزدوروں کے بنیادی حقوق، ان کی عزت نفس کو یقینی بناتے ہوئے ان کو باعزت شہری کا مقام دیں۔ ان کی صحت بچوں کی تعلیم اور دیکھ بھال کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔ کیونکہ مزدور خوشحال، مطمئن ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا اور آگے بڑھے گا۔ ریجنل چیئرمین آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے چوہدری سرفراز احمد ہندل نے بختیار لیبر ہال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یکم مئی دنیا بھر کے مزدوروں کا عالمی دن ہے، یہ عالمی دن شکاگو کے محنت کشوں کی اُن عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے اپنا حق تنظیم سازی تسلیم کرایا۔ فیسکو میں کنٹر یکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کیا جائے اور ڈسکوز کی نجکاری کے عمل کو روکا جائے۔ اس موقع پر ریجنل جوائنٹ سیکرٹری آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین میاں ساجد حسین، صدرآل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن حاجی عبدالجبار، صدر پنجاب ہوزری مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن ملک منیر احمد اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔ پیپلز لیبر بیورو لاہور کے زیراہتمام ایوان اقبال سے لاہور پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ سید عاطر شاہ کونسل حاجی عزیز الرحمان چن، چوہدری محمد اسلم گل، صدر لاہور وویمن ونگ نرگس خان، سیکرٹری اطلاعات وویمن ونگ لاہور شہناز کنول، جنرل سیکرٹری پیپلز لیبر بیورو لاہور عمران قدیر، نائب صدر پنجاب خواتین ونگ زاہدہ انصاری، شمیم ملک، خاور موہل، زبیدہ سیف، سمیرا گھرکی، رانا افتخار علی، ثریا بھٹی، نائب صدر لاہور نصیر احمد، انیسہ بانو، شاہدہ جبین، فرید اعوان سمیت لیبر بیورو کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مزدوروں کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر و سابق رکن پنجاب اسمبلی محمد عارف سندھیلہ نے کہا کہ مزدوروں کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے 84 ارب روپے کے پیکیج اور ساڑھے 12 لاکھ مزدور گھرانوں میں راشن کارڈ کی تقسیم کا اعلان تاریخی اقدام ہے۔