رمضان المبارک: فضائل ، فوائد ، ثمرات (تبصرہ) 

پیش نظر کتاب سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اپنے موضوع پر یہ نہایت ہی مفید، جامع اور رہنما کتاب ہے۔ کتاب کے مصنف معروف عالم دین، مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف مرحوم ہیں۔یہ کتاب دارالسلام انٹر نیشنل نے شائع کی ہے۔ کتاب میں بتایا گیا ہے کہ ہم رمضان المبارک کااستقبال کیسے کریں، رمضان المبارک کے خصوصی اعمال وظائف، صحیح احادیث کی روشنی میں روزوں کی فضیلت وفرضیت، روزے کے فوائد وثمرات، روزے کے احکام و مسائل، روزے کی تعریف، روزے کے ضروری احکام، کن کن چیزوں سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، قضائے روزہ، اعتکاف، تروایح، صدقة الفطر کے مسائل جیسے اہم موضوعات کتاب میں بیان کیے گئے ہیں۔ روزوں سے متعلق تقریباً تمام صحیح احادیث اس کتاب میں جمع کردی گئی ہیں۔ رسول کا یہ فرمان کہ جس شخص نے رمضان کے روزے ایمان اور احتساب کے ساتھ رکھے، اس کے سابقہ گناہ معاف ہوجاتے ہیں، یہ ایک عظیم خوشخبری ہے، جس سے محرومی کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا۔ لیکن یہاں ایک بات پر خصوصی توجہ رہنی چاہیے کہ اتنے بڑے انعام کا استحقاق صرف اسی وقت حاصل ہوتا ہے جب رمضان المبارک کے روزے مسنون طریقہ پر رکھے جائیں، یہ سب کچھ کیسے ممکن ہے؟ اس مقصد کے لیے یہ کتاب اہل ایمان کے لیے نہایت ہی عمدہ پیشکش ہے۔ یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ اس مختصر کتاب کے مطالعے سے ہر مسلمان رمضان المبارک کا شایان شان استقبال کر سکتا ہے۔ کتاب میں جہاں روزے کے احکام و مسائل کو واضح کیاگیا ہے وہاں قیام الیل ( تراویح )، لیلة القدر، اعتکاف اور صدقة الفطر کے حوالے سے بھی کافی مواد پیش کیا گیا ہے۔ یہ کتاب دیکھنے میں اگر چہ مختصر ہے لیکن ا س میں تمام اہم مسائل بیان کردیے گئے ہیں۔ اسی طرح کتاب میں رمضان المبارک سے متعلق بعض مشہور مگر ضعیف احادیث کی وضاحت بھی موجود ہے۔ روزے کے فوائد و ثمرات کا تذکرہ ہے، یعنی تقویٰ کیا ہے جو روزوں سے انسان کے اندر پیدا ہوتا ہے؟ اور تقویٰ سے کیا فوائد و ثمرات حاصل ہوتے ہیں؟ قیام الیل یعنی نماز تراویح کے مسائل، اس کی تعداد کی تحقیق، اعتکاف کے مسائل اور لیلة القدر کے فضائل کی وضاحت بھی کتاب میں شامل ہے۔ کتاب کی قیمت 250روپے ہے۔ یہ کتاب دارالسلام انٹر نیشنل کے مین شو روم، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لاہور سے حاصل کی جاسکتی ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کے لیے 042-37324034 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن