پنجاب اسمبلی میں وزرا ء کی غیر حاضری کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بڑا اور اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ اب اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں وزرا کے ناموں کی فہرست شامل کی جائے گی تاکہ بزنس کے دوران متعلقہ وزیر کی حاضری اور جواب دہی یقینی بنائی جا سکے۔تفصیلات کے مطابق اسمبلی کے ایجنڈے میں ہر تحریک التوا ئے کار کے سامنے اس وزیر کا نام بھی درج کیا جائے گا جو اس کا جواب دینے کا ذمہ دار ہوگا۔ ایجنڈے میں تحریک التوا ئے کا نمبر، محرک کا نام اور متعلقہ وزیر کی نشاندہی واضح طور پر کی جائے گی۔اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ وزرا ء ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنائیں اور اسمبلی کے بزنس میں بھرپور شرکت کریں۔ سپیکر کے اس فیصلے کو اسمبلی اراکین نے سراہا اور وزرا ء کے نام ایجنڈے میں شامل کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سپیکر کو خراج تحسین پیش کیا۔یہ فیصلہ اسمبلی کے نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور حکومتی امور کو مثر طریقے سے چلانے کی جانب ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔