اسلام آباد+ راولپنڈی (خبر نگار+ سٹاف رپورٹر) روڈ ٹو مکہ انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے 45رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے روڈ ٹو مکہ وفد کا اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت پاکستان سے 50 ہزار 500حاجی سعودی عرب جائیں گے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 28 ہزار‘ کراچی ائیرپورٹ سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 22 ہزار 500 حاجی جائیں گے۔ روڈ ٹو مکہ کے تحت اسلام آباد سے 100، کراچی سے 80 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ اسلام آباد اور کراچی ائیرپورٹ پر کائونٹرز بنائے جائیں گے۔ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن سعودی عرب کی بجائے پاکستان میں ہی مکمل ہوگی۔ دریں اثناء جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے مختص سعودی امیگریشن حکام اسلام آباد سے کراچی پہنچے، جہاں ایئرپورٹ انتظامیہ نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت، سعودی امیگریشن ٹیم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آٹھ مخصوص کاونٹرز پر عازمین حج کے لیے سعودی امیگریشن کلیئرنس کی کارروائی 29 اپریل سے شروع کرے گی، جو کراچی سے پہلی حج فلائٹ کی روانگی کے ساتھ ہی شروع ہوگی۔