لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت ، نادیہ جمشید، سعید نامدار، اسلم گھمن، میاں ارشد ، رانا الیاس، ملک سجاد ، مرزا طارق ، طاہر اسلام ، رانا خالد ، محمد عباس ، مرزا اختر بیگ ، مصطفی وٹو ، طارق شریف زیدی ودیگر نے کہا 22 جنوری کے پنجاب اسمبلی کے سامنے ہونیوالے پر امن احتجاج اور ناصر باغ سے شروع ہونیوالی ریلی میں پنجاب بھر سے ہزاروں اساتذہ و ملازمین کی شرکت سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ ملازمین متحد اور آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اساتذہ و ملازمین اپنے معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے جاگ اٹھے ہیں۔ پنشن و گریجویٹی ، لیو انکیشمنٹ ، رول 17-اے کی مکمل بحالی تک پرامن جدوجہد جاری رہے گی اور کسی صورت ملازمین کش پالیسیوں ، معاشی استحصال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ارباب اختیار سے مطالبہ ہے کہ ملازمین کے معاشی حقوق کو بحال کیا جائے وگرنہ 10 فروری کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے دیگر صوبوں کی طرح پنجاب بھر کے ہزاروں اساتذہ و ملازمین دھرنا میں بھرپور شرکت کریں گے۔