معیشت مستحکم ، حکومت اصلاحات پر عمل پیرا‘ امید ہے آئی ایم ایف پروگرام آخری ہوگا : وزیرخزانہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں متعدد ملاقاتیں کیں۔ وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف ورلڈ بنک سپرنگ میٹنگز کے موقع پر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب مختار دیوپ اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی۔ وزیرِ خزانہ نے مارچ 2025ء میں پاکستان کے دورے پر جناب دیوپ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وفد کو پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں اور فچ کی جانب سے حالیہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے آگاہ کیا‘ جسے حکومت کی کامیاب اصلاحاتی کوششوں کا بین الاقوامی اعتراف قرار دیا۔ وزیرِ خزانہ نے ریکوڈک منصوبے کے لیے آئی ایف سی کی معاونت کو سراہا اور کراچی ایئرپورٹ کے لیے مشاورتی کام میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر سے اتفاق کیا کہ ذیلی سطح کی حکومتوں پر توجہ دی جائے اور ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے تاکہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں بہتری لائی جا سکے۔ واشنگٹن ڈی سی میں جے پی مورگن چیز کی سینئر مینجمنٹ سے ملاقات کی۔ وزیرِ خزانہ نے وفد کو آگاہ کیا کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں۔ انہوں نے پائیدار معاشی ترقی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ معیشت کو بار بار کے عروج و زوال کے چکروں سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے ریکوڈک منصوبے میں ہونے والی پیش رفت سے بھی وفد کو آگاہ کیا اور ملک کے لیے منڈیوں اور شعبوں میں تنوع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرِ خزانہ نے بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس میں پاکستان کی واپسی کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہا ہے کہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ مختلف شعبوں میں نجی شراکت بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، امید ہے آئی ایم ایف کے ساتھ یہ ہمارا آخری پروگرام ہو گا۔ رائٹ سائزنگ اور پنشن معاملات میں اصلاحات لا رہے ہیں، حکومت کے اقدامات سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ دورہ امریکہ میں مختلف ممالک کے وزراء خزانہ سے ملاقاتیں ہوئیں۔

ای پیپر دی نیشن