راولپنڈی کو پنجاب کا ماڈل شہر بنانا تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ڈی سی

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی و چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت آر ڈبلیو ایم سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ایک اہم اجلاس گزشتہ روز ڈی سی آفس راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران پنجاب اسمبلی و بورڈ ممبرز راجہ محمد حنیف، ضیا اللہ شاہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر سمیت دیگر اعلی افسران اور بورڈ ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر جاری ''ستھرا پنجاب پروگرام'' کے تحت صفائی و ستھرائی کے جاری اقدامات، حکمت عملیوں اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے ایک مفصل بریفنگ دی،ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کو پنجاب کا ماڈل شہر بنانے کے لیے تمام اداروں کو باہمی تعاون اور جدید حکمت عملیوں کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ ستھرا پنجاب پروگرام وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کا عکاس ہے جسے زمینی سطح پر کامیاب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔تمام شہری و دیہی علاقوں میں ستھرا پنجاب پروگرام کا نفاذ یقینی بنایا جائے،مانیٹرنگ کا نظام موثر کیا جائے اور کنٹریکٹرز سے فیلڈ میں کام کروایا جائے،اس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، راجہ محمد حنیف نے کہا کہ صفائی کے نظام کو موثر بنانے کے لیے قانون سازی، فنڈز کی بروقت دستیابی اور زمینی سطح پر مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ضیا اللہ شاہ نے کہا کہ ہم ستھرا پنجاب پروگرام کو ایک مہم نہیں بلکہ ایک تحریک کے طور پر دیکھتے ہیں۔ صفائی کے پیغام کو ہر گھر تک پہنچانا اور ہر شہری کو اس مشن کا حصہ بنانا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن