لاہور (خصوصی نامہ نگار) مجلس احراراسلام پاکستان کے رہنماؤں، علمائے کرام، خطباء عظام اور مبلغین نے خطبات اور بیانات میں کہا پاکستانی عوام فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کیساتھ کھڑی ہے۔ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم مزید تیز کی جائے گی۔ فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم کیخلاف’’اسرئیل مردہ باد ملین مارچ‘‘ میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ قائد احرار سید محمد کفیل بخاری، نائب امیر حاجی عبداللطیف خالد چیمہ، میاں محمد اویس اور دیگر نے کہا اسرائیل نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی نے فلسطینی عوام کے تحفظ کیلئے کچھ نہیں کیا۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماؤں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اسرائیل مردہ باد ملین مارچ میں شرکت کر کے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کا ثبوت دیں۔مبلغین احرار نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کیخلاف عالمی سطح پر مضبوط مؤقف اپنایا جائے اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ حکومتی سطح پر کیا جائے۔