اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) سیکرٹری جنرل یونائٹیڈ بزنس گروپ (ایف پی سی سی آئی) ظفر بختاوری نے پہلگام میں فائرنگ کے واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلا جواز الزام تراشی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھا رت کی جانب سے ہر سانحے کے بعد بغیر کسی تحقیق کے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرانا ایک پرانی اور ناکام حکمت عملی ہے جس کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا اور انتخابی مقاصد کے لیے جنگی ماحول پیدا کرنا ہے۔ پہلگام واقعہ افسوسناک ضرور ہے، مگر بغیر شواہد پاکستان پر الزامات لگا کر بھارت نے اپنی غیر پیشہ ورانہ سفارتکاری کو ایک بار پھر بے نقاب کیا ہے،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ون کے افتتاح پر بھی ایسی کوششوں سے پاکستان میں سیاسی عدم استحکام اور دہشتگردی پھیلانے کی کوشش کی گئی،لیکن پاکستان نے انتہائی دانشمندانہ طریقے سے انکے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا،اب جب سی پیک کا فیز ٹو شروع ہونے جا رہا ہے تو بھارت نے پھر سے انہی اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال شروع کر دیا ہے،پہلگام فائرنگ کا واقعی یقینی طور پر ایک فالس فلیگ آپریشن ہی ہے، جس کا مقصد پاکستان کو سیاسی عدم استحکام سے دوچار کرنا اور دہشتگردی کی آگ کو پھر سے بھڑکانا ہے،جس کی تازہ مثال جعفر ایکسپریس پر دہشتگرد حملہ ہے۔ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، مگر ملکی خودمختاری، سلامتی اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ بھارت کو یاد رکھنا ہوگا کہ امن دو طرفہ عمل ہے، اور یکطرفہ الزام تراشیوں اور اشتعال انگیزیوں سے مسائل کا حل ممکن نہیں۔