لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا قرآن مجید کی روشنی ہر خطہ کے عوام تک پہنچانا منہاج القرآن کا مشن ہے۔ قرآن ایک زندہ معجزہ اور کرہ ارض کی مستند اور سچی کتاب ہے جو قیامت تک کے انسانوں کیلئے ذریعہ ہدایت و رہنمائی ہے۔ انہوں نے منہاج القرآن برطانیہ کی طرف سے بڑے شہروں میں ’’ڈپلومہ ان قرآن سٹڈی‘‘ کے تدریسی و تربیتی سیشنز کا اہتمام کرنے پر برطانیہ کی تنظیم اور شہروں کے منتظمین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس مقصد کیلئے پاکستان سے بطور خاص برطانیہ آنیوالے منہاج القرآن کے سکالر اور نظامت ایجوکیشن اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر حافظ سعید رضابغدادی کو بھی مبارکباد دی۔ دریں اثناء حافظ سعید رضا بغدادی نے گزشتہ روز مانچسٹر میں ’’ڈپلومہ ان قرآن سٹڈی‘‘ کے خصوصی سیشن میں لیکچر دیا اور قرآن مجید کی درست تلاوت اور تجوید و قرات کے امور کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔