اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صوفیا واولیا کرام نے اپنی تعلیمات اور تبلیغ کے ذریعے اسلام اور امن کا پیغام عام کیا،حضرت سلطان باہو، مولانا رومی اور دیگر اولیا کرام کی تعلیمات پر عمل کر کے اسلامو فوبیا جیسے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔پیر کو یہاں آٹھویں بین الاقوامی مولانا روم اور حضرت سلطان باہو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوںمسلم انسٹیٹیوٹ کی علم و تحقیق کے میدان میں خدمات قابل تحسین ہیں،مولانا جلاالدین رومی اور حضرت سلطان باہو کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہم یہاں اکھٹے ہوئے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بر صغیر کی سر زمین پر اسلام کی روشنی پھیلانے کا سہرا عظیم اولیا اور صوفیا کرام کو جاتا ہے۔صوفیا و اولیا کرام نے اپنی تعلیمات اور تبلیغ کے ذریعے اسلام اور امن کا پیغام عام کیا،حضرت سلطان باہو مولانا رومی و دیگر صوفیا و اولیا کرام نے اپنے عمل اور کردار کے ذریعے دین اسلام کی خدمت کی ،صوفیا کرام نے امن، محبت، بھائی چارہ اور اخلاق کی بنیاد پر دین اسلام کا پیغام عام کیاچیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دین کی خدمت ہی اصل خدمت ہے۔کانفرنس میں ملکی وغیر ملکی سکالر ادیب شاعر اور مفکرین شامل تھے۔