ٹرمپ کی کیپٹل ہل حملے میں ملوث 1500 افراد کو معافی، جوبائیڈن کے 78 اقدامات منسوخ، عالمی ادارہ صحت چھوڑ دیا

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف برداری کی تقریب کے بعد متعدد ایگزیکٹو احکامات پر دستخط کر کے انتظامی امور کا آغاز کر دیا۔ ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن کے 78 صدارتی اقدامات منسوخ کر دئیے۔ ان میں اہم فیصلے شامل ہیں جن کا مقصد اقتصادی اور سیاسی اصلاحات کی طرف قدم بڑھانا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے کیپٹل ہل حملے میں ملوث 1500 افراد کو معافی دینے کے حکم پر بھی دستخط کر دئیے۔ صدر ٹرمپ  فائلوں پر دستخط کر کے حاضرین کو بھی دکھاتے رہے۔ کیپٹل ایرینا میں منعقدہ تقریب میں ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کا تالیوں اور نعروں کے ساتھ استقبال کیا۔ تقریب میں پولیس، کھلاڑیوں اور مختلف اداروں کے دستوں نے صدر کو سلامی دی۔ اس موقع پر امریکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن سے نکل جائے گا، اس نے کرونا دیگر بین الاقوامی صحت کے بحرانوں کو ناقص طریقے سے سنبھالا، 12 ماہ میں اسے چھوڑ، فنڈنگ بند کردیں گے، ٹرمپ نے اپنی فیملی اور قریبی ساتھیوں کا عوام سے تعارف کرایا اور ان کے بارے میں تعریفی کلمات کہے۔ اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پچھلی حکومت کے تباہ کن ایگزیکٹو آرڈرز کو منسوخ کریں گے، مہنگائی کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے، اور جرائم پیشہ افراد کو ان کے ممالک واپس بھیجیں گے۔ انہوں نے بائیڈن انتظامیہ کے دور میں آف شور ڈرلنگ پر عائد پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ ٹرمپ نے مختلف اہم ایگزیکٹو احکامات پر دستخط کیے، جن میں امریکی ماحولیات کے حوالے سے پیرس معاہدے سے دستبرداری اور وفاقی بھرتیوں پر پابندی عائد کرنے کے احکامات شامل ہیں۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب بھی ابراہام معاہدے میں شامل ہو جائے گا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ابراہام معاہدہ اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات کے قیام سے متعلق ہے۔ صدارت سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سعودی عرب بھی بالآخر ابراہام معاہدے میں شامل ہو جائے گا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امید ہے سعودی عرب اسرائیل سے تعلقات معمول پر لے آئے گا۔ ترجمان عالمی ادارہ صحت نے امریکی صدر ٹرمپ کے عالمی ادارہ صحت سے دستبرداری کے اعلان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا ادارہ دنیا بشمول امریکہ کے لوگوں کی صحت، تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ ادارہ وبائی امراض، بیماریوں کی بنیادی وجوہات تلاش کر کے ان کا سدباب کرتا ہے۔ امید ہے امریکہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گا، اس معاملے میں امریکہ کے ساتھ ملکر تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

ای پیپر دی نیشن