آفاق احمد کی ٹرک جلانے کے 2مقدمات میں ضمانت منظور‘ تیسرے میں دوبارہ گرفتار

کراچی (کامرس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد کو 2 مقدمات میں ضمانت کے بعد تیسرے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں لانڈھی اور کورنگی میں ٹرک نذر آتش کرنے کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آفاق احمد کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ پولیس نے ڈمپرز نذر آتش کرنے کے مقدمات میں آفاق احمد کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق آفاق احمد کے خلاف لانڈھی اور عوامی کالونی تھانے میں 2 مقدمات درج ہیں۔ ادھر دو مقدمات میں ضمانت کے بعد سرجانی ٹائون پولیس نے کراچی سینٹرل جیل سے آفاق احمد کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔ سرجانی ٹائون میں نامعلوم افرادکے خلاف گاڑی جلانے کا مقدمہ درج تھا۔ آفاق احمد کے وکیل نے کہا کہ ہم اس مقدمے میں بھی درخواست ضمانت دائر کردیں گے، آفاق احمد کا ایف آئی آر میں نام نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن