گوجرانوالہ:ایم سی گرلز ہائی سکول میں طلبہ سے غیر تدریسی کام پر ہیڈ ٹیچر معطل

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول موتی بازار وزیر آباد میں دوسری اور تیسری جماعت کے طلبہ سے مبینہ طور پر مزدوری کروانے کا واقعہ سامنے آیا ہے جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ انچارج ہیڈ ٹیچر کو معطل کر دیا ہے،تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول موتی بازار وزیر آباد میں دوسری اور تیسری کلاس کے بچوں سے صفائی سمیت مختلف غیر تدریسی کام لیے جا رہے تھے اور شدید گرمی میں ان معصوم طلبہ سے مبینہ طور پر مٹی اٹھوائی جا رہی تھی جس پر سی ای او ایجوکیشن گوجرانولہ ڈاکٹر عطیہ ارشد ملک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سکول کی ایس ایس ٹی انچارج ہیڈ مسٹریس کو فوری معطل کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ،سی ای او کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو تعلیم کیلئے سکول بھیجتے ہیں،طلبہ سے کسی قسم کے غیر تدریسی کام ہرگز برداشت نہیں کیئے جائیں گے، علاوہ ازیں شہریوں اور والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ بچوں کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن