سعودی عرب : ایک ہفتے کے دوران 20688 گرفتاریاں

سعودی عرب کے حکام نے ایک ہفتے کے دوران 20688 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان کی گرفتاریوں کی وجہ رہائش، کام اور سرحدی حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی بتائی گئی ہے۔ یہ بات سعودی خبر رساں ادارے 'ایس پی اے' نے رپورٹ کی ہے۔رپورٹ کے مطابق اقامتی قوانین کی خلاف ورزی پر 12372 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جبکہ غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے 4750 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ نیز کام سے متعلقہ مسائل پر 3566 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں میں 61 فیصد ایتھوپیا ، 36 فیصد یمن اور 3 فیصد دیگر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔'ایس پی اے' کے مطابق 93 افراد سعودی عرب سے پڑوسی ممالک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ جبکہ 27 ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو ان افراد کی مدد کر رہے تھے اور ان لوگوں کو پناہ دے رہے تھے جو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کرنے والوں اور ان کی مدد کرنے والوں کو کم از کم 15 سال قید ، 1 ملین ریال جرمانے کے علاوہ گاڑیوں اور جائیداد کی ضبطگی کا سامنا ہوگا۔وزارت کے مطابق مکہ مکرمہ اور ریاض میں ٹول فری نمبر 911 اور مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 یا 996 پر مشتبہ خلاف ورزیوں کی اطلاع دی جا سکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن