لاہور (خصوصی نامہ نگار) الکہف ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے مرکزی چیئرمین اورمعروف اصلاحی شخصیت حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے جامع مسجد دارالشفاء شاہ جمال لاہور میں ’’امت مسلمہ کی حالت زار اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا آج امت مسلمہ زوال، باہمی افتراق وانتشار،اختلاف اور کمزوری کا شکار ہے جس کی وجہ سے سرائیل نے غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کی انتہاء کردی۔ مسلم حکمران متحد ہوکر مظلوم فلسطینیوں کاتحفظ کرنے اوراسرئیلی جارحیت کا جواب دینے میں ناکام ہیں۔ امت مسلمہ غزہ کے مسئلہ پرافسوس یامذمت کے بجائے متحد ہوکرعملی بیداری کاثبوت د ے جب تک ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی اصلاح کی فکر نہیں کریں گے تب تک حالات نہیں بدلیں گے۔ موجودہ حالات میں امت کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھنا، مسلمانوں کے مسائل کو ذاتی مسئلہ جاننا اور دردِ دل کے ساتھ دعا و کوشش کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اتحادِ امت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا مسلمانوں کا آپس میں نفرتیں، تعصبات اوراختلافات ختم کر کے اتحادِ امت کا عملی مظاہرہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔