پنجاب میں اب تک27 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت مکمل ہوچکی، سیکرٹری زراعت 

  راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں 35 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے برعکس اب تک27 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت ہو چکی ہے۔ یہ بات انھوں نے صوبہ میں کپاس کی صورتحال بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے مزید کہا کہ کپاس کی کاشت کا ہدف اگلے 10 روز میں حاصلِ کر لیا جائے گا۔اگیتی کپاس کی نگہداشت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ابھی تک کپاس کی فصل کیڑوں اور بیماریوں کے حملہ سے محفوظ ہے۔حالیہ گرمی کی لہر کے دوران کپاس کیلئے خصوصی ایڈوائزری فراہم کی جا رہی ہے۔کپاس کی بہتر نگہداشت بارے ٹیکنیکل کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں  جن میں ماہرین سمیت ترقی پسند کاشتکار شامل ہیں۔اس کے علاوہ کپاس کے علاقوں میں نہری پانی کی وافر فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹرجنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں،ڈاکٹرعبدالرحمان،ڈاکٹر عبدالقیوم و دیگر افسران نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن