کلرسیداں(نامہ نگار)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلر سیداں احمد ارشد محمود جسرا نے تین خواتین کے مبینہ اغوا کیس میں نامزد ملزم محمد رفیق ساکن مرید چوک کی ضمانت منظور کر لی۔ ملزم کی درخواست ضمانت کی پیروی معروف قانون دان جاوید چشتی ایڈووکیٹ نے کی۔ تفصیلات کے مطابق مدعی مقدمہ سعید کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ محمد رفیق نے اس کی تین بہنوں کو جبرا اغوا کر رکھا ہے۔ معاملے میں نیا موڑ اس وقت آیا جب ایک مبینہ مغویہ ڈرامائی انداز میں معزز مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوئی اور اس نے بھی اغوا کا الزام دہرا دیا۔ مگر کوئی بھی ٹھوس شہادت پیش نہ کر سکی۔تاہم تفتیشی افسر سب انسپکٹر محمد آصف نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ جھوٹے الزامات پر مبنی ہے اور مذکورہ خواتین درحقیقت سکھر میں خود روپوش ہیں۔