سرینگر (آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی تازہ جارحیت میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید کردئیے گئے۔ تین رو ز میں بھارتی ریاستی دہشتگردی میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔بھارتی فوج کی فائرنگ میں تین نہتے نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ پہلگام حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک بار پھر جعلی سرچ آپریشنز اور جھوٹے انکائونٹرز کا سلسلہ تیز کر دیا ۔ بھارتی فورسز نے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کی ہیں، کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بھارتی فورسز نے 40 سے زائد گھروں پر چھاپے مارے اور 25 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ دوسری جانب بھارت نے حریت رہنماں ، کارکنو ں سمیت 5ہزار سے زائد کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوںمیں بند کر رکھا ہے جہاں انہیں تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ۔ نظر بندوں کو غیر معیاری غذا فراہم کی جاتی ہے اور انہیں مناسب طبی سولیات میسر نہیں جسکی کی وجہ سے اکثر نظربند خطرناک عوارض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس کے تر جمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں کشمیری سیاسی نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوںنے محمد ایوب میر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے نظربندوں کے عز م وہمت کو توڑنا چاہتا ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ نظر بندوں کی حالت زار کا جائز لینے کیلئے فوری طور پر کوٹ بھلوال جیل اور دیگر بھارتی جیلوں کا دورہ کریں۔