لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس میں نئے بننے والے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں صو بے بھرسے افسران و اہلکاروں کے دھڑا دھڑ تبادلے کئے جارہے ہیں۔ذرائع کے مطابق مختلف یونٹس اور اضلاع سے افسران و اہلکاروں کو کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں بھجوایا جا رہاہے۔سی سی ڈی میں مزید 63سب انسپکٹرز اور 77اے ایس آئیز کے تبادلے کر دئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب کے حکم پر ڈی آئی جی اسٹیبلیشمنٹ ٹونے تبادلوں کامراسلہ جاری کر دیا ہے ۔اب تک ایک ہزار کے قریب انسپکٹرز ،سب انسپکٹرز اور اے ایس آئی کو پولیس کے مختلف یونٹس اور اضلاع سے سی سی ڈی بھجوا یاجاچکا ہے ۔ ان افسران و اہلکاروں کو سی سی ڈی بھجوانے پر اضلاع اور یونٹس میں افسران و اہلکاروں کی شدید قلت ہونے لگی جبکہ دفتری ، فیلڈ اور تھانوں میں بھی مشکلات درپیش آنے لگی ہیں۔