غزہ کے لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، امریکہ جلد سب ٹھیک کر دے گا: ٹرمپ

ابوظہبی (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں لوگ بھوک کا شکار ہیں لیکن جلد ہی امریکا اس صورت حال کو ٹھیک کرے گا۔ ٹرمپ نے خلیجی ممالک کے  4 روزہ دورے کے آخری روز ابوظہبی میں صحافیوں سے گفتگو میں  کہا کہ غزہ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بہت سے لوگ بھوکے مر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکا جلد ہی غزہ کے اس مسئلے کو ہمیشہ کے لیے حل کرلے گا۔ ہمیں فلسطینیوں کی مدد کرنا ہوگی۔ اگلے ماہ تک غزہ سے متعلق بہت سی اچھی چیزیں ہونے جا رہی ہیں۔ دیکھتے ہیں روس یوکرائن مذاکرات میں کیا  ہوتا ہے۔ جتنی جلد ممکن ہوا روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کروں گا۔ ایران کو امریکہ کی جوہری تجویز پر تیزی سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ایران کے پاس اپنے جوہری پروگرام سے متعلق ایک امریکی تجویز ہے۔ اہم یہ ہے کہ ایران جانتا ہے کہ انہیں تیزی سے آگے بڑھنا ہے یا کچھ بہت برا ہونے والا ہے۔ اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران کو امریکہ کی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی۔ 

ای پیپر دی نیشن