لاہور+فیصل آباد(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ خصوصی ) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے چوتھے میچ میں کراچی بلوز نے اپنے اوپنرز عبداللہ فضل اور جہانزیب سلطان کی جارحانہ نصف سنچریوں کی بدولت لاڑکانہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔اقبال سٹیڈیم میں ہفتے کی شب کھیلے گئے گروپ اے کے اس میچ میں لاڑکانہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور20 اوورز میں7 وکٹوں پر 141 رنز بنائے۔صابرعلی 30 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ رمیزعزیز اور بہادر علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔کراچی بلوز نے ہدف14 اوورز میں کسی وکٹ کے نقصان کے بغیر پورا کرلیا۔ جہانزیب سلطان نے 43گیندوں پر5 چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے79 رنز بنائے۔ان کے ساتھ142 رنز کی شراکت میں شریک عبداللہ فضل نے 41گیندوں پر4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے61 رنز بنائے۔جہانزیب سلطان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ایبٹ آباد نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں جبکہ لاہور بلوز نے بہاولپور کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں گروپ سی کے میچ میں ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر راولپنڈی کو پہلے بیٹنگ دی جو104 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مبصرخان 24 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ارشد اقبال اور شہاب خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ایبٹ آباد نے ہدف 14 ویں اوور میں تین وکٹوں پر پورا کرلیا۔ کامران غلام نے 37 رنز بنائے۔ارشد اقبال پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ گروپ بی کے میچ میں بہاولپور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور ٹیم 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عمران رندھاوا نے 22 رنز بنائے۔قاسم اکرم اور سلمان خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور بلوز نے 10 ویں اوور میں ہدف ایک وکٹ پر پورا کرلیا۔عمرصدیق نے 41 ‘عمران بٹ نے48 رنز کی اننگز کھیلی۔قاسم اکرم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔