ملتان ( نمائندہ خصوصی) ملتان میں المناک ٹریفک حادثہ، 6 افراد جاں بحق‘ متعدد زخمی ہو گئے۔ ملتان میں تھانہ شاہ شمس کے علاقے بکر منڈی اڈے کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں کار، ہائی روف اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 06 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں پولیس نے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر زخمیوں کو گاڑیوں سے نکال کر فوری طور پر نشتر اسپتال منتقل کیا۔ اسی دوران پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر ضروری شواہد اکٹھے کیے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے۔ سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز کامران عامر خان اور ایس پی کینٹ کائنات اظہر موقع پر پہنچے، جہاں انہوں نے حادثے کی جگہ کا تفصیلی جائزہ لیا اور جائے وقوعہ پر موجود پولیس ٹیم کو ضروری ہدایات دیں۔ بعد ازاں دونوں افسران نشتر ہسپتال گئے، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ سے ملاقات کر کے زخمیوں کے علاج میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دینے کی ہدایت کی۔ جاں بحق ہونیوالوں میں30 سالہ احمد کمال‘ 58 سالہ زاہد صدیقی‘ ویگن ڈرائیور حسیب اللہ‘ 21 سالہ عادل جبکہ 2 افراد کی شناخت نہیں ہو سکی‘ شدید زخمیوں میں اسامہ‘ سویرا‘ جمال خان اور سکندر جمال شامل ہیں