اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان مسلم لیگ کے زیر اہتمام بھارتی جارحیت کو دندان شکن جواب دینے پر عظیم افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے نیشنل لائبریری میں خصوصی تقریب کی صدارت وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کی۔ تقریب میں بری، بحری اور فضائی افواج کے ریٹائرڈ سینئیر افسران، سیاستدانوں، تاجروں اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے تینوں افواج خصوصاً پاکستان ائیر فورس کے جانبازوں کو چار گھنٹے سے کم وقت میں اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو بدترین شکست کا مزا چکھانے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شاندار تدبر اور حکمت عملی اپناتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ مسلم برادری اور دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے تھے۔ بھارت ہمارے معاملے میں غلط فہمی کا شکار تھا۔ افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا تو بھارت نے امریکہ سے سیز فائر کی بھیک مانگی۔ یہ ایک منفرد جنگ تھی جس کے نتائج نے دنیا کو حیران کر دیا۔