وفاقی وصوبائی حکومتیں فلاحی ریاست کے لیے پیش بندی کریں:ڈاکٹر محسن 

 اسلام آباد( نامہ نگار)ممتاز معالج چیئرمین خودمختار تحریک ڈاکٹر محسن حسن نے کہا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرح فلاحی مملکت بنانے میں وفاقی وصوبائی حکومتوں کو غربت' مہنگائی اور بیروزگاری جیسے گھمبیر اور سنگین مسائل کے خاتمے کے لیے ٹھوس ' مضبوط اور دیرپا منصوبہ بندی کرنا پڑے گی ۔25 کروڑ آبادی میں سے ساڑھے بارہ کروڑ افراد دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں، ایک کروڑ گریجویٹس روزگار کے لیے مارے مارے پھر رے ہیں ،پانچ کروڑ نوجوانوں کا عدم سرپرستی کاشکار اور پونے تین کروڑ نونہالوں کاسکول ایجوکیشن سے دور ہونا لمحہ فکر ہے۔ ڈاکٹر محسن حسن نے خیبرپختونخواہ حکومت کی طرف سے بیواں، یتیموں اور بے آسرا افراد کی مالی امداد کے لیے بھاری رقم مختص کرنے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے وژن کے تحت وزیراعلی سردار علی امین گنڈا پور کی عوام دوستی کو سراہا جو مثالی معاشرے کی طرف سے پیش بندی کر رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان خودمختار تحریک نے حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کو ملک وقوم کے لیے خوش آئند قرار دیا، حکومت اور اپوزیشن کے باہمی رابطوں سے درپیش بحران اور مسائل ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر محسن حسن نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن