خیبر پی کے مائنز‘ منرلنایکٹ مسترد احتجاجی تحریک چلائیں گے : اے این پی

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے خیبر پی کے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025ء مسترد کرتے ہوئے احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا۔ خیبر پی کے اسمبلی میں مجوزہ ’مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025ء‘ سے متعلق عوامی نیشنل پارٹی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے این پی کے صدر ایمل ولی خان نے کہا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، اس بل کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی بھرپور احتجاجی تحریک کا اعلان کرتی ہے۔ متنازعہ ایکٹ کیساتھ ساتھ اس حکومت اور پارلیمان کو بھی گھر بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لڑائی اب صرف مائنز اینڈ منرلز ایکٹ تک محدود نہیں رہے گی، ہماری جدوجہد اٹھارہویں آئینی ترمیم پر من وعن عمل تک جاری رہے گی۔ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ دن کی روشنی میں قوم کے حق پر ڈاکا ہے، فوری طور پر یہ متنازعہ قانون اسمبلی سے واپس لیا جائے، اس ایکٹ سے ایس آئی ایف سی کے ذریعے وسائل کو فوج کے سپرد کیا جا  رہا ہے۔ خیبر پی کے میں جہاں جہاں قدرتی وسائل وہاں سکیورٹی مسائل ہیں‘ ہر ظلم کے باوجود ہم نے جمہوریت اور آئین کا راستہ نہیں چھوڑا۔ ملک کی چوکیداری کے بجائے چلغوزے کے باغ کی چوکیداری ہو رہی ہے‘ رواں ماہ اور مئی میں اس ایکٹ کے بارے میں آگاہی مہم چلائی جائیگی۔

ای پیپر دی نیشن