پی این ایس حنین کاسکیورٹی پٹرول پر تعیناتی کے دوران دورہ عمان 

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول (RMSP) پر تعیناتی کے دوران مسقط، عمان کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر عمانی حکام کی جانب سے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پی این ایس حنین اور رائل نیوی آف عمان کے جہاز خصب (RNOV KHASSAB) نے خلیج عمان میں دو طرفہ بحری مشق (PASSEX) کی جس سے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار بحری شراکت داری کو تقویت ملی۔ مشق کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرپا بحری تعاون کو فروغ دینا تھا۔ قبل ازیں بندرگاہ پر قیام کے دوران پی این ایس حنین کے کمانڈنگ آفسر نے رائل نیوی آف عمان کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور بحری افواج کے مابین رابطے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمانڈنگ آفسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی طرف سے عمان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے علاوہ رائل نیوی آف عمان کے افسران کے ساتھ پیشہ ورانہ بات چیت کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہاز ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (RMSP) پر باقاعدگی سے تعینات کیے جاتے ہیں جس کا مقصد میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنا، سمندروں پر تجارت کی آزاد نقل و حرکت  کو یقینی بنانا اور عالمی مشترکہ اثاثوں کا تحفظ کرنا ہے۔ پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کی بحری افواج اپنی آپریشنل تیاریوں کو بڑھانے اور محفوظ سمندروں کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل باہمی تعاون میں رہتی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن