امریکہ، ایران مذاکرات کا پہلا دور، بات چیت مثبت، مزید ملاقات اگلے ہفتے ہو گی: ایرانی وزارت خارجہ

عمان+ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت کا پہلا دور مکمل ہو گیا، ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ کے ساتھ بات چیت مثبت رہی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایران امریکہ سے مزید بات چیت اگلے ہفتے کرے گا۔ ایرانی اور امریکی مذاکرات کاروں نے چند منٹ براہ راست بات کی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق دونوں فریقین نے مذاکرات آئندہ ہفتے تک جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ پہلے دور میں جوہری مسئلے اور پابندیوں کے خاتمے پر بات ہوئی۔ ہماری نیت مساوی بنیاد پر منصفانہ اور باعزت معاہدے تک پہنچنا ہے۔ دوسرا فریق بھی یہی نیت رکھے تو ابتدائی مفاہمت ممکن ہے۔ ایرانی عہدیدار نے برطانوی خبر ایجنسی کو بتایا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے بات چیت کے لئے وزیر خارجہ کو مکمل اختیار دیا ہے۔  علاوہ ازیں  وائٹ ہائوس نے عمان میں امریکہ اور ایران  کے مذاکرات پر ردعمل میں کہا کہ ایران کیساتھ بات چیت بہت مثبت اور تعمیری تھی ایران کے ساتھ مسائل بہت پیچیدہ ہیں، حل  ہونے میں وقت لگے گا۔ امریکی اور ایرانی نمائندوں نے 19 اپریل کو دوبارہ ملاقات پر اتفاق کیا  اور امریکی نمائندے وٹکوف نے عباس  عراقچی سے کہا کہ معاملات کو بات چیت سے حل کر لیا جائے گا۔  

ای پیپر دی نیشن