واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر ٹرمپ نے سالانہ طبی معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ میرا دماغ ٹھیک ہے۔ جسمانی کے ساتھ ذہنی ٹیسٹ بھی اچھا رہا‘ دل اور دماغ اچھی حالت میں ہیں۔ ایٹمی اسلحے سے پاک ایران چاہتے ہیں۔ دوسری طرف امریکہ میں گرین کارڈ ہولڈرز سمیت تمام تارکین کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی۔ افغان شہریوں کا پروٹیکٹڈ سٹیٹس ختم کر دیا گیا جبکہ سمارٹ فونز‘ کمپیوٹر سمیت الیکٹرانکس کو ٹیرف سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا جبکہ چین نے امریکہ پر125 فیصد ٹیرف لاگو کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں مقیم افغانوں کا ’’پروٹیکٹڈ سٹیٹس‘‘ ختم کر دیا گیا۔ کیمرون کے شہریوں کا پروٹیکٹڈ سٹیٹس بھی ختم ہو گیا۔ ترجمان ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ انہیں اب تحفظ درکار نہیں۔ دوسری طرف غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن آفس کے ایک نوٹس میں بتایا گیا کہ ٹیرف چھوٹ چین سے امریکہ میں آنے والے سمارٹ فونز اور پرزہ جات سمیت مختلف الیکٹرانک اشیاء پر دی گئی ہے۔ جس پر اس وقت اضافی 145 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ روز ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے بعد امریکہ میں گرین کارڈ ہولڈرز سمیت تمام تارکین وطن کے گرد نگرانی کا گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ امریکا میں مقیم تمام تارکین وطن کو اپنا لازمی اندراج کرانا ہوگا، اس کے علاوہ انہیں شہر اور بیرون شہر سفر کے دوران اپنی قانونی حیثیت کا دستاویزی ثبوت بھی ساتھ رکھنا ہو گا۔ علاوہ ازیں چین کا امریکہ پر 125 فیصد ٹیرف نافذ ہو گیا۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ چین سے ڈیل پر تیار ہیں۔ جوابی اقدام چین کیلئے اچھا نہیں۔ دریں اثناء چین نے ڈبلیو ٹی او میں ایک اور درخواست جمع کرا دی۔ چینی درخواست امریکی ٹیرف کے خلاف ہے۔