جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے بنانے والی چینی کمپنی کے شیئرز میں 63 فیصد اضافہ

پاکستانی فضائیہ کی جانب سے بھارت کے فرانسیسی ساختہ 4.5 جنریشن ڈاسو رافیل لڑاکا طیارے کو مار گرانے کی خبر کے بعد چینی دفاعی کمپنی چنگدو ایئرکرافٹ کارپوریشن (CAC) کے حصص میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔شینزن اسٹاک ایکسچینج (SZSE) میں درج CAC کے شیئرز ایک ہفتے کے اندر CNY 36 کے اضافے کے ساتھ 63 فیصد بڑھ گئے۔

 5 مئی سے مسلسل تیزی کے بعد، آج چنگدو کے حصص کی قیمت CNY 95.86 پر پہنچ گئی، جو کہ ایک ہی دن میں CNY 16 یا 20 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔چنگدو ایئرکرافٹ کارپوریشن، چین کی معروف دفاعی کمپنی ہے جو JF-17 تھنڈر اور J-10C لڑاکا طیارے بناتی ہے۔ پاکستان فضائیہ کی جانب سے بھارتی رافیل طیاروں کو مار گرانے میں مبینہ طور پر چینی ساختہ J-10C کا استعمال کیا گیا، جس کے بعد عالمی سطح پر چینی دفاعی صنعت کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے CAC کے حصص میں نمایاں تیزی آئی ہے، جو مستقبل میں عالمی دفاعی معاہدوں میں چینی کمپنی کی پوزیشن کو مزید مضبوط کر سکتا ہے۔اس کے برعکس، رافیل بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈاسو ایوی ایشن کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ 9 مئی کو پیرس اسٹاک ایکسچینج میں ڈاسو کے حصص کی قیمت EUR 314.60 پر بند ہوئی، جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 3.44 فیصد یا EUR 11.2 کم ہے۔یہ کمی بھارتی فضائیہ کے رافیل طیاروں کے نقصان کی خبروں کے بعد سامنے آئی ہے، جو کہ رافیل کے عالمی معیار پر سوالات اٹھا رہی ہے۔اتوار کے روز بھارتی دفاعی حکام نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں فضائی لڑائی کے دوران اثاثوں کے نقصان کا اعتراف کیا. جس میں رافیل طیارے بھی شامل تھے۔تاہم بھارتی وزارت دفاع نے تاحال ان نقصانات کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ وزارت کے بیان “نقصانات جنگ کا حصہ ہوتے ہیں” کو عالمی سطح پر اس بات کی تصدیق سمجھا جا رہا ہے کہ بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان اٹھانا پڑا. جس میں جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ چنگدو ایئرکرافٹ کارپوریشن کے حصص میں اضافہ چینی دفاعی صنعت کی بڑھتی ہوئی ساکھ کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ ڈاسو ایوی ایشن کے نقصانات اس کی عالمی منڈی میں پوزیشن کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق مستقبل قریب میں یہ صورتحال دونوں ممالک کے دفاعی معاہدوں اور عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے رجحانات پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن